Eid ul Fitr Per Urdu Mazmoon

Eid ul Fitr Per Urdu Mazmoon
عیدالفطر پر اُردو مضمون

عیدالفطر مسلمانوں کے لیے اللہ تعالیٰ کا بڑا انعام ہے۔رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے اختتام پر عیدالفطر منائی جاتی ہے۔عید کا مطلب ہے خوشی کا دن جو بار بار آتا ہے۔یہ دن تمام مسلمانوں کی اجتماعی خوشی کا مظہر ہے۔
غریب ہو یا امیر،بوڑھا و بچہ سبھی عید کی خوشیوں میں شامل ہوتے ہیں اور اس کی مثال کچھ یوں دی جا سکتی ہے کہ دریاکے کنارے دس آدمیوں کو کھڑا کر کے کہا جائے کہ تم نے دریا پار کرنا ہےاور ضرور کرنا ہے۔
تم میں سے دو شخص ایسے بھی ہیں جن کے پاس کرایہ نہیں ایک اپاہج ہے تو اس حکم کے نبھانے والے سات آدمی ہوں گے کہ ان تینوں کا کرایہ دیں اور اپاہج کو اٹھا کر کشتی میں بٹھایا جائے اور اگر ایسا نہ کیا جائے تو یقیناً حکم کی نافرمانی کرنے والے کو سزا ملے گی۔
اسی طرح عید کی خوشیوں میں غریبوں اور مسکینوں کا حق ان تک پہنچاتے رہیں۔وہ آدمی جس نے پورا مہینہ نیکیاں کیں اور گناہ کے قریب بھی نہ پھٹکا ہو، وہ جب اگلے دن اللہ تعالیٰ کے حضور پیش ہو گا تو اس پر ہر طرف سےرحمتیں ہی برستی ہیں۔عید کے دن صبح اُٹھتے ہی لوگ نئے کپڑے پہن کر تیّار ہوتے ہیں۔
سوّیاں یا اور کوئی میٹھی چیز پکاتے ہیں۔اس کے بعد اللہ کے حضور نماز عید کے لیے حاضر ہو جاتے ہیں اور یہ کہتے ہیں کہ خدا وندکریم ہم نے تیرے حکم کے مطابق احترامِ رمضان کا خیال رکھا ہے۔
آئندہ بھی ہمیں نیکی کی توفیق دے۔ہمارے گناہ معاف کر دے اور ہمیں دنیا اور آخرت کی نعمتوں سے مالا مال فرما۔بچے عید کے دن رنگ برنگے لباس پہنتے ہیں۔کچھ بچے عید کے میلے کی تیّاریاں کرتے ہیں۔کوئی سیرو تفریح کے لیے نکل جاتا ہے۔
گلیوں اور کوچوں میں یوں معلوم ہوتا ہے جیسے بہار آ گئی ہو،کھانے پینے کی چیزوں کے آگے خوش رنگ سائبان لگے ہوئے نظر آتے ہیں۔لوگوں نے جھنڈیوں سے دوکانوں کو خوب سجا رکھا ہے گویا جس طرف بھی دیکھو خوشی کا سماں نظر آتا ہے۔
کھانے پینے کی ہر دکان کے سامنے رنگ برنگ کپڑے پہنےہوئے بچوں کا ہجوم نظر آتا ہےاور سچ تو یہ ہے کہ عید کا صحیح لطف بچے ہی اٹھاتے ہیں۔
ہمیں عید کی خوشیوں میں اپنے غریب ساتھیوں کے احساسات کو بھی مدِنظر رکھنا چاہیے اور کوشش کرنی چاہیے کہ وہ بھی ہمارے ساتھ اس خوشی میں شریک ہو سکیں۔
Eid ul Fitr Per Urdu Mazmoon
Eid ul Fitr Per Urdu Mazmoon

Tags