Rainy season Barsat ka mausam Urdu Essay Mazmoon
برسات کا موسم اُردو مضمون
موسم باراں وہ موسم ہےجس میں خدا جانے کتنے ہی دلوں کو چین اور خوشی حاصل ہوتی ہے۔آہ یہی وہ دن ہیں جب بچھڑے ہوئے دوست بغیر کسی شکوہ و شکایت کے پھر مل جاتے ہیں۔
پاکستان کے باشندےبہت خوش قسمت ہیں کیونکہ یہاں کے بسنے والے گرمی،سردی اور برسات تینوں موسموں کا لطف اُٹھاتے ہیں۔
ہمارے ملک میں برسات کا موسم بہت نفع بخش ہوتا ہے۔یہ موسم سخت ترین گرمی کے بعد شروع ہوتا ہے۔15 جون سے 15 اکتوبر تک برسات کا موسم ماناجاتا ہے۔اس موسم سے چرند،پرند اور درند سبھی فائدہ اُٹھاتے ہیں۔برسات سے کسان کو سب سے زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔
برسات میں زمین نرم ہو جاتی ہے۔کسان زمین جوت کر اس میں بیج بوتا ہے۔ہر طرف ہریالی ہی ہریالی نظر آتی ہے۔ہر سمت میں جل تھل ہو جاتا ہے۔ندی نالے بھر جاتے ہیں۔
بارش قدرت کا بہترین عطیہ ہے۔قدرت کی نعمتوں میں سے ایک نعمت برسات بھی ہے۔بارش سے ہم غلہ اُگاتے ہیں۔سبزیاں پیدا کرتے ہیں،پھل حاصل کرتے ہیں۔برسات کو انسان،پیڑ پودوں اور جانوروں کی زندگی کہا جاسکتا ہے۔
برسات کے پانی کو جمع کر کے اس سے نہریں نکالی جا سکتی ہیں۔جن کی وجہ سے ہر وقت پانی مل سکتا ہے۔کثرتِ آب سے دریا جوش پہ جوش کھا کھا کے چھلک پڑتے ہیں۔گو آپے سے باہر ہو جاتے ہیں۔
پھولوں پر سرخی کا جو بن عجیب و غریب معلوم ہوتا ہے۔پھولوں کی نازک پنکھڑیوں پر پانی کے قطرے جواہرات اور موتی معلوم ہوتے ہیں۔اس موسم میں سبھی لوگ مست ہو جاتے ہیں۔جب کبھی حد سے زیادہ بارش ہو جاتی ہے تو گاؤں کے گاؤں بہہ جاتے ہیں۔کھیتوں کوبہت نقصان پہنچتا ہے۔
فصلیں خراب ہو جاتی ہیں۔دریاؤں اور ندیوں میں طغیانی آ جاتی ہے۔مویشی اور اسباب خانہ داری تباہ و برباد ہو جاتے ہیں۔شہروں میں بھی خستہ مکانات گرجاتے ہیں۔غریبوں کی روزی ماری جاتی ہے۔
اُنہیں فاقے کرنے پڑتے ہیں۔بہت سی جانیں ہلاک ہو جاتی ہیں۔بہت سے لوگ بے گھر ہو جاتے ہیں۔برسات سے فائدوں کے ساتھ نقصان کا پہلو بھی جڑا ہوا ہے۔
Rainy season Barsat ka mausam Urdu Essay Mazmoon |