صابن کرونا کو کیسے مار ڈالتا ہے؟



صابن کرونا کو کیسے مار ڈالتا ہے؟
حکومت کی طرف سے جاری کیے گئے پیغامات میں بار بار صابن سے ہاتھ دھونے کی تاکید کی جا رہی ہے۔ کیا صابن سے ہاتھ دھو لینا واقعی میں اتنا مؤثر ہے؟   وائرس جسم کے باہر گھنٹوں ، یہاں تک کہ کئی دن تک زندہ رہ سکتے ہیں۔ جراثیم کش  مائعات  یا عام الکوحل پر مشتمل سینی ٹائزرز  ان سے چھٹکارا پانے میں مفید ہیں لیکن وہ عام صابن جتنے اچھے نہیں ہیں۔ ہے نا عجیب بات؟ اور اس سے بھی عجیب بات یہ ہے کہ لاکھوں کروڑوں روپے خرچ کر کے بھی آپ کوئی دوائی حاصل نہیں کر سکتے لیکن ہمارے گھر پہ پڑا ہوا ایک معمولی سا صابن اس وائرس کو سیکنڈوں میں  مار ڈالتا ہے۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ ایسا کیسے ممکن ہے؟
کہانی  اصل میں یہ ہے کہ زیادہ تر وائرس تین اہم بلڈنگ بلاکس پر مشتمل ہوتے ہیں: رائبونیو کلئیک ایسڈ (آر این اے) ، پروٹین اور لپڈز(lipids)۔ جب ہمارے پھیپھڑوں کا کوئی خلیہ وائرس سے متاثر ہوتا ہے تو  بڑی تعداد میں ان بلڈنگ بلاکس کو  بنانا شروع کر دیتا ہے جو خود بخود ایک دوسرے سے مل جاتے ہیں اور اس طرح  وائرس  کے نئے مالیکولز وجود میں آتے چلے جاتے ہیں۔ لیکن وائرس کی ایک کمزوری یہ ہے کہ ان بلاکس کا آپس میں بانڈ اتنا مضبوط نہیں ہوتاجس کا مطلب ہے کہ اس  بانڈ کو توڑنے کے لیے آپ کو  سخت کیمیکلز کی ضرورت نہیں ہے۔دوسرے نمبر پر ان کی ایک انسان سے دوسرے میں منتقلی کا طریقہ کار یہ ہے کہ  جب کوئی متاثرہ سیل مرجاتا ہے ، تو یہ تمام نئے وائرس  وہاں سے فرار ہو کر دوسرے خلیوں کو متاثر کرنے چل پڑتے ہیں اور  چند ایک پھیپھڑوں میں موجود خالی جگہوں میں رہ جاتے ہیں۔ جب آپ کھانسی کرتے یا  خاص طور پر چھینکتےہیں تو  پانی  کی چھوٹی چھوٹی بوندیں ہوا  کے سہارے تیرتی ہوئی دوسرے دوسرے لوگوں تک پہنچ کر ان کو متاثر کر سکتی ہیں۔ اگر یہ بوندیں کسی ٹھوس سطح پر گریں تو پانی تو جلدی سے خشک ہو جاتا ھے لیکن وائرسز زندہ رہتے ہیں۔جب آپ  اس  سطح کو چھوتے ہیں تو  یہ آپ کے ہاتھ پر چمٹ جاتے ہیں اور اس کے بعد اگر  اپنے چہرے کو خصوصا اپنی آنکھیں ، نتھنے یا منہ چھوئیں تو انفیکشن کا شکار ہو سکتے ہیں۔ اور ہم میں سے  زیادہ تر لوگ ہر دو سے پانچ منٹ میں غیر ارادی طور پر اپنے چہرے کو چھو کر خود کو خطرے میں ڈال لیتے ہیں۔
اکیلے پانی سے وائرس کو دھویا جا سکتا ہےلیکن  ایک گلیو کی طرح چمٹے ہونے کی وجہ سے وائرس کا جلد کے ساتھ اچھا خاصا مضبوط رابطہ بنا ہوتا ہے جس کی  وجہ سے  پانی اتنا زیادہ مؤثر ثابت نہیں ہوتا۔ اس کی مثال بالکل ایسے ہی ہے جیسے چربی والے ہاتھوں کو  اگر سادہ پانی سے دھویا جائے تو چربی اچھی طرح سے نہیں اترے گی  لیکن  صابن سے دھویا جائے گا تو ہاتھ با آسانی بالکل صاف ہو جائیں گے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ سوپ والے پانی میں چربی کی طرح کے اجزاء موجود ہوتے ہیں جن کو ہم  ایمفی فائیلز کہتے ہیں ان کی ساخت وائرس کی جھلی میں موجود لپڈز سے ملتی جلتی ہے۔ یہ ایمفی فائلز نہ صرف وائرسز کو جلد سے علیحدہ کر دیتے ہیں بلکہ وارس کے تین بلڈنگ بلاکس یعنی پروٹین،RNA  اور لپڈز کا آپس میں بانڈ بھی توڑ دیتے ہیں ۔ بانڈ ٹوٹنے کی وجہ سے وائرس اِن ایکٹو یعنی مر جاتا ہےاور اس طرح ہم محفوظ ہو جاتے ہیں ۔ 
 ایک اور اہم بات یہ ہے کہ دوسری  جراثیم کش مصنوعات جن میں تقریبا ساٹھ سے اسی فی صد تک الکحل ہوتا ہےکے کام کرنے کا طریقہ بھی تقریبا ایسا ہی ہے۔ لیکن ان کے مقابلے میں صابن اس لیے  بہتر ہے کہ تھوڑی سی صابن سے ہاتھ اچھی طرح دھوئے جا سکتے ہیں اور دوسرے نمبر پہ یہ خدشہ بھی نہیں رہتا کہ ہاتھوں کا کوئی حصہ دھلنے سے رہ گیا ہو گا جس کا امکان باقی طریقوں سے ہاتھ صاف کرنے کی صورت میں کافی زیادہ  ہوتا ہے۔
(یہ  یونیورسٹی آف ساؤتھ ویلز  ، سڈنی میں کیمسٹری کی پروفیسر Pall Thordarson کے مضمون کا اردو  ترجمہ ہے)
https://www.theguardian.com/commentisfree/2020/mar/12/science-soap-kills-coronavirus-alcohol-based-disinfectants