راولپنڈی: انتظامیہ نے تحریک لبیک کا احتجاج ناکام بنانے کے لیے لیاقت باغ راولپنڈی کو سیل کرکے رینجرز تعینات کردی ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں آسیہ مسیح کی رہائی کے خلاف تحریک لبیک کا احتجاجی جلسہ روکنے کیلئے سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے اور پولیس و رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے۔ راولپنڈی میں لیاقت باغ کو بھی سیل کرکے رینجرز تعینات کردی گئی ہے جو کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پوری طرح مستعد ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: خادم رضوی گرفتار
تحریک لبیک پاکستان نے لیاقت باغ میں آج فیض آباد دھرنے کے دوران جاں بحق کارکنوں کی برسی اور ناموس رسالت ﷺ جلسے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے جمعے کی شب سے تحریک لبیک کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے پارٹی کے سربراہ خادم حسین رضوی، دیگر رہنما اشرف آصف جلالی، پیر افضل قادری اور سیکڑوں کارکنوں اور عہدے داروں کو گرفتار کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک لبیک کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن
پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 بھی نافذ کردی ہے جس پر عملدرآمد کرانے کے لیے پولیس متحرک ہے۔ راولپنڈی ضلع کی اہم شاہراہوں پر پولیس اور اینٹی رائٹ فورس کے جوان تعینات ہیں جب کہ موٹر سائیکل سواروں اور مشکوک افراد کی سخت چیکنگ کی جارہی ہے۔ ڈپٹی کمشنراسلام آباد حمزہ شفقات کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
The post تحریک لبیک جلسہ؛ لیاقت باغ راولپنڈی کو سیل کرکے رینجرز تعینات کردی گئی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2TL6K6b